Promote your Business

حکومت ماحولیات کو نقصان پہنچائے بغیر ترقی کو یقینی بنارہی ہے: وزیراعظم

news

وزیراعظم نریندر مودی نے کہاہے کہ اُن کی حکومت پائیدار ترقی کی راہ پر پختہ یقین رکھتی ہے اور اِس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ ماحولیات کو نقصان پہنچائے بغیر ترقی ہوسکے۔ جناب مودی نے کہاکہ بھارت اُن چند ملکوں میں سے ایک ہے جن کی سرگرمیاں پیرس معاہدے کے ہدف سے مطابقت رکھتی ہیں۔ معاہدے کا ہدف درجۂ حرارت میں اضافے کو دو ڈگری سیلسیس سے کم رکھنا شامل ہے۔ وزیراعظم گجرات کے گاندھی نگر میں اپنے ٹھکانے بدلنے والے جانوروں کے تحفظ کی کنونشن پر تیرہویں کانفرنس آف پارٹیز سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارت تحفظ، پائیدار طرز زندگی اور سبز ترقی کے ماڈل کی بنیاد پر آب وہوا سے متعلق کارروائی کا علمبردار ہے۔ اِس کا اظہار CMS، COP-13 کے موضوع سے بھی ہوتاہے، یعنی ٹھکانے بدلنے والے جانور کرۂ ارض کو جوڑتے ہیں اور ہم مل کر اُن کی گھرواپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
جناب مودی نے کہاکہ بھارت آنے والے تین برسوں کیلئے کنونشن کی صدارت سنبھالے گا اور اُس نے وسط ایشیا کے پرواز کے راستوں میں ہجرت کرنے والے پرندوں کے تحفظ کیلئے ایک قومی ایکشن پلان تیار کیا ہے۔
وزیراعظم نے جنگلی جانوروں کے تحفظ میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ملک میں کئی محفوظ علاقوں کی سرحدیں دوسرے ملکوں کی سرحدوں سے ملتی ہیں۔ جناب مودی نے کہاکہ محفوظ علاقوں کی تعداد، جو 2014 میں 714 تھی، 2019 میں بڑھ کر 870 تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدیوں سے جنگلی جانوروں اور اُن کے ٹھکانوں کا تحفظ بھارت کی ثقافتی اقدار کا حصہ رہا ہے، جس سے ہمدردی اور بقائے باہم کی ہمت افزائی ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بھارت دنیا کے سب سے زیادہ متنوع ممالک میں سے ایک ہے، جس کا رقبہ دنیا کے زمینی رقبے کا دو اعشاریہ چار فیصد ہے، جبکہ عالمی حیاتیاتی تنوع کا آٹھ فیصد حصہ بھارت میں ہے۔ (AIR NEWS)

43 Days ago

Download Our Free App