حکومت نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے پہلے‘ جو کَل شروع ہورہا ہے‘ آج ایک کُل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ یہ میٹنگ پارلیمنٹ ہاﺅس کمپلیکس میں دوپہر 12 بجے منعقد ہوگی۔
پارلیمانی اُمور کے وزیر پرہلاد جوشی‘ مرکزی وزراءاور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی کرنے والے رہنما‘ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
میٹنگ میں حکومت سبھی سیاسی پارٹیوں سے اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کی اپیل کرے گی‘ کہ ِاجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی خوش اسلوبی سے جاری رہے۔
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس صدر جمہوریہ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ ممبران سے سینٹرل ہال میں خطاب کے ساتھ شروع ہوگا۔
اجلاس کے پہلے روز دونوں ایوانوں میں اقتصادی جائزہ بھی پیش کیا جائے گا۔ 2023-24 کا مرکزی بجٹ پہلی فروری کو پیش کیا جائے گا۔ بجٹ اجلاس اس سال 6 اپریل تک رہے گا۔ 66 دنوں پر مشتمل اجلاس میں 27 نششتیں ہوں گی۔ اجلاس کا پہلا حصہ 13 فروری تک جاری رہے گا۔ 14 فروری سے 12 مارچ تک وقفہ رہے گا۔
بجٹ کا دوسرا حصہ 13 مارچ کو شروع ہوگا، جو 6 اپریل تک جاری رہے گا۔ (AIR NEWS)