دلی پولیس نے جہانگیر پوری تشدد کے سلسلے میں 14 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس پر گولی چلانے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دلی پولیس نے کہا ہے کہ اس ملزم کے قبضے سے جرم میں استعمال ہوئی پستول کو بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ مزید چھان بین جاری ہے۔
اس سے پہلے دلی پولیس کے کمشنر راکیش استھانا نے کہا کہ ایک جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد اب جہانگیر پوری علاقے میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔ جناب استھانا نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ جہانگیر پوری اور دیگر حساس علاقوں میں کافی تعداد میں اضافی سیکیورٹی فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دلی پولیس کے سینئر عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فیلڈ میں رہیں اور نظم و ضبط کی صورتحال پر قریبی نظر رکھیں اور گشت کرتے رہیں۔
DCP شمال مغرب نے علاقے میں امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی غرض سے پولیس اسٹیشن جہانگیر پوری، پولیس اسٹیشن مہندر پارک اور پولیس اسٹیشن آدرش نگر کے امن کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کے دوران تمام ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن، یکجہتی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی اپیل کریں۔ افواہوں کو نہ پھیلنے دیں۔ شرارت پسند عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور پولیس سے رابطہ برقرار رکھیں۔ (AIR NEWS)