आपकी जीत में ही हमारी जीत है
Promote your Business

دلی کے متاثرہ علاقوں میں مناسب سیکیورٹی دستے تعینات،صورتحال کنٹرول میں:امت شاہ

News

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ قومی راجدھانی کے متاثرہ علاقوں میں مناسب سیکیورٹی دستے تعینات کئے گئے ہیں اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔ جناب شاہ نے شہریت ترمیمی قانون کے معاملے پر شمال مشرقی دلی میں تشدد کے واقعات کے بعد قومی راجدھانی کی موجودہ صورتحال پر غور کرنے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
دلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل، وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، اعلیٰ اہلکاروں اور مختلف سیاسی پارٹیوںکے نمائندوں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔
جناب امت شاہ نے اس موقع پر سیاسی پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضبط و تحمل سے کام لیں اور پارٹی وابستگی سے اوپر اٹھ کر کام کریں۔ وزیر داخلہ نے سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو اس طرح کی افواہوں سے نمٹنے اور عوام میں ڈر و خوف دور کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔
دلی پولیس نے کہا ہے کہ شمال مشرقی دلی کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال قابو میں ہے۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ آتشزنی کے سلسلے میں گیارہ FIR درج کی گئی ہیں۔
دلی پولیس کے تعلقات عامہ کے عہدیدار ایم ایس رندھاوا نے میڈیا کو بتایا ہے کہ شمال مشرقی ڈسٹرکٹ میں کافی تعداد میں فورسز کو تعینات کیا گیا ہے اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس، تیزی سے کارروائی کرنے والے فورس اور دلی پولیس کے اضافی وسائل بھی سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تشدد میں56پولیس اہلکار اور 130سویلین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جناب رندھاوا نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں، افواہوں پر دھیان نہ دیں اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں نہ لیں ۔ تشدد میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر اب 10ہو گئی ہے۔ دلی پولیس کے کمشنر کی امولیہ پٹنائک نے کہا ہے کہ شرارتی عناصر کو بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے کَل دیر رات شمال مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر پولیس کے دفتر میں، دلّی پولیس کے عملے سے ملاقات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ جناب ڈوبھال کے ساتھ سینئر پولیس افسران بھی تھے۔ انہوں نے شمال مشرقی دلّی میں تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ (AIR NEWS)

32 Days ago

Download Our Free App