ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارش جاری رہنے کے سبب معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ گجرات کے 102 بلاکس میں دور دور تک بارش ہوئی ہے۔ بھاﺅ نگر میں سب سے زیادہ تقریباً پانچ انچ بارش درج کی گئی ہے۔ جونا گڑھ ضلعے میں شدید بارش سے معمول کی زندگی درہم برہم ہے۔ بھارتی موسمیات محکمے نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران دیوبھومی، دوارکا، راج کوٹ، بھاﺅ نگر اور ولساڑ اضلاع میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست کے مختلف ضلعوں میں جاری سیلاب کی صورتحال پر کَل وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل سے بات کی تھی۔ انھوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق ریاستی و قومی فورس بچاﺅ اور امدادی کاموں کے لیے تیار ہیں۔
مہاراشٹر کے ممبئی اور اس سے متصل علاقوں میں کل تیسرے روز بھی موسلہ دھار بارش ہوئی۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے پالگھر، تھانے، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو دُرگ اضلاع میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش کے لیے آج اورینج الرٹ جاری کیا ہے اور آج ممبئی میں کہیں کہیں شدید بارش کے سبب یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
کیرالہ میں آج ریاست کے 9 ضلعوں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست کے شمالی اور وسطی حصوں میں کل سے شدید بارش ہوئی ہے۔
کَننور ضلعے میں شدید بارش اور تیز ہواﺅں کے سبب دور دور تک فصلوں کے نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔
کَنور، کوزی کوٹ اور ویاناڈ کی ضلع انتظامیہ نے آج سبھی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ (AIR NEWS)