پانچویں بھارت-امریکہ دو جمع دو وزارتی مذاکرات نئی دلی میں جاری ہیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، امریکی وزیر دفاع Lloyd Austin اور امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن اِن دو جمع دو وزارتی مذاکرات کی مشترکہ صدارت کررہے ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ بھارت-امریکہ دو طرفہ تعلقات میں اہم مفادات اور دفاع، سلامتی نیز انٹلی جنس تعاون میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے مختلف جغرافیائی و سیاسی چیلنجوں کے باوجود دونوں ملکوں کو اہم اور طویل مدتی معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد، کھلے اور ضابطوں کے پابند بھارت-بحرالکاہل خطے کو یقینی بنانے کیلئے شراکت داری اہم ہے۔
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مذاکرات، وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن کے وژن کو آگے بڑھانے کا ایک موقع ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ دو جمع دو میٹنگ میں دفاع، اہم معاملات اور سلامتی کے تعلقات کے ساتھ ساتھ ایک جامع نظریہ کی تشکیل کی جائے گی۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ اِن دو جمع دو مذاکرات اور دو طرفہ میٹنگ میں بہت سے اہم دفاعی اور ٹکنالوجی سے متعلق معاملات پر بات چیت کئے جانے کی امید ہے۔ (AIR NEWS)