پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے سرکردہ رہنماﺅں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اِن میں فواد چودھری، اسد عمر، علی زیدی، عمر سرفراز چیما اور اکرم عثمان شامل ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے ایک دن بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی دستوں کے ساتھ جھڑپوں میں اُس کے 47 کارکن مارے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پاکستان کی فوج کو امن و قانون برقرار رکھنے کیلئے ملک کے بڑے حصوں میں طلب کرلیا گیا ہے۔
اِس سے پہلے دن میں پاکستان کی ایک عدالت نے توشہ خانہ بدعنوانی کیس میں عمران خان کو ماخوذ کیا۔ عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو 8 دن کیلئے قومی احتساب بیورو کی تحویل میں بھی بھیج دیا ہے۔
کئی ملکوں نے پاکستان میں سیاسی انتشار کو دیکھتے ہوئے اپنے شہریوں اور سفارتی عملے کے اہلکاروں کیلئے سفر سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ (AIR NEWS)