A part of Indiaonline network empowering local businesses

چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات کی چناؤ مہم میں اور تیزی آگئی ہے

news

چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات کی چناؤ مہم اب جبکہ کَل ختم ہونے والی ہے، اِس میں اور تیزی آگئی ہے۔
مدھیہ پردیش میں آج سرکردہ رہنماؤں کے انتخابی جلسوں اور ریلیوں کا زور رہے گا۔ بی جے پی کے سرکردہ لیڈر آج مختلف چناؤ جلسوں اور ریلیوں میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اِن میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، نریندر سنگھ تومر اور جیوترآدتیہ سندھیا نیز پارٹی کے صدر جے پی نڈا شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سمیت کئی دیگر لیڈر بھی انتخابی مہم میں شامل ہوں گے۔
دوسری طرف کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے، پارٹی کے سرکردہ رہنما راہل گاندھی، سچن پائلٹ، سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ اور دِگ وجے سنگھ، کانگریس پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں ریلیاں اور جلسے کریں گے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بھی انتخابی مہم میں شامل ہوں گے۔
مدھیہ پردیش کی انتخابی مہم میں آج دونوں بڑی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈر شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ آدھے درجن سے زیادہ سرکردہ لیڈر 30 ریلیوں اور میٹنگوں میں BJP امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔
وزیراعظم چار مقامات پر ریلیاں کریں گے، وزیراعلیٰ چھ جگہوں پر جبکہ کئی مرکزی وزراءدو سے تین مقامات پر ریلیوں میں شرکت کریں گے۔
کانگریس بھی اس مہم میں پیچھے نہیں ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے لیڈر تقریباً دس مقامات پر انتخابی مہم کریں گے۔ کانگریس، سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش کے موقع پر آج کئی پروگراموں کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔
اس دوران انتخابی کمیشن نے بھی پولنگ پارٹیوں کو ان کے متعلقہ بوتھوں تک پہنچانے کے لیے گاڑیوں کے بندوبست کا کام شروع کردیا ہے۔
چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت 70 حلقوں کے لیے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اِن حلقوں میں 17 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ BJP کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر آج سے ریاست کے دو روزہ انتخابی دورے پر رہیں گے۔ وہ راجدھانی رائے پور سمیت ویشالی اور Navagarh اسمبلی حلقوں میں انتخابی پروگرام میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب کانگریس کی سینئر رہنما پرینکا گاندھی آج سے رائے پور کے چناوی دورے پر رہیں گی وہ یہاں روڈ شو میں حصہ لیں گی۔ اس کے علاوہ دیگر سیاسی پارٹیوں کے اعلیٰ رہنما بھی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ (AIR NEWS)

19 Days ago