اترپردیش حکومت نے ریاست میں اسکولوں کو ہدایات دی ہیں کہ 15 سے 18 برس کے اُن بچوں کو جنہوں نے کووڈ-اُنیس سے بچاﺅ کا ٹیکہ لگوایا ہے‘ دو دن کی چھٹی دی جائے گی۔ یہ چھٹی ٹیکہ لگائے جانے کے دن اور اُس کے اگلے دن دی جائے گی۔ کل ٹیکہ کاری مہم کے پہلے دن تقریباً 1.5 لاکھ بچوں کو ٹیکے لگائے گئے۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کل لکھنؤ میں سول اسپتال سے 15 سے 18 سال کے بچوں کے کووڈ-اُنیس سے بچاﺅ کے ٹیکے لگائے جانے کی مہم کا افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں 15 سے 18 سال کی عمر کے ایک کروڑ 40 لاکھ بچے ہیں اور اُن کی ٹیکہ کاری کیلئے دو ہزار 150 بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ اس طرح کے 39 مراکز صرف ریاستی راجدھانی میں ہی قائم کئے گئے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے مزید بتایا کہ یوپی میں 20 اعشاریہ دو پانچ کروڑ افراد کے کووڈ سے بچاﺅ کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ اِن میں 12 اعشاریہ آٹھ چار کروڑ ٹیکے پہلی خوراک کے طور پر‘ جبکہ 7 اعشاریہ چار صفر کروڑ افراد کے دونوںہی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست میں مناسب تعداد میں اسپتال کے بستر اور ویکسین کی خوراک دستیاب ہیں اور ریاستی حکومت پوری طرح تیار ہے۔
ریاست میں اومیکرون کے محض 8 معاملوں کی اطلاع ہے‘ جس میں تین مریض پوری طرح صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کل ریاست میں 550 سے زیادہ کووڈ کے نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ (AIRNEWS)