وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کے سبب اپنی شراکت داری کو ایک نیا پہلو اور نئی سمت بخشی ہے۔ شیخ مجیب الرحمان کی پیدائش سے متعلق صد سالہ تقریبات کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں جناب مودی نے کہا کہ دونوں ممالک‘ زمینی اور سمندری سرحدوں جیسے پیچیدہ معاملات کو قابل قبول طریقے سے حل کرنے کے اہل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش‘ جنوبی ایشیاءمیں بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہی نہیں ہے بلکہ وہ ترقی کا بھی ایک شراکت دار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بنگا بندھو شیخ مجیب الرحمان نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ‘ بنگلہ دیش کو تباہی اور نسل کُشی سے بچانے کیلئے وقف کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگا بندھو نے بنگلہ دیش کو ایک مثبت اور ترقی پسند سماج میں منتقل کیا‘ کیونکہ اُن کے ذہن میں یہ بات بالکل واضح تھی کہ نفرت اور منفی سوچ‘ کسی ملک کی ترقی کی بنیاد کبھی نہیں ہوسکتی۔ (AIR NEWS)