بھارت نے برسبین کرکٹ ٹسٹ میچ 3وکٹ سے جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ اس طرح اُس نے یہ سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔ آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لئے 328 رن کا نشانہ دیا تھا جسے بھارت نے سات وکٹ کھو کر آسانی سے حاصل کر لیا۔
برسبین میں آسٹریلیا کی 32 سال میں یہ پہلی شکست ہے۔ بھارت کی طرف سے رِشبھ پنت نے شاندار 89رن اور Shubhman Gill نے 91 رن بنائے۔ بھارت کی طرف سے تیز گیند باز محمد سراج نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے اس ٹسٹ میں 6 وکٹ حاصل کئے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹوئیٹ میں جناب مودی نے ٹیم انڈیا کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پورے میچ میں ان کی غیر معمولی صلاحیت، قوت ، جوش و جذبے اور مضبوط قوت ارادی دیکھنے کو ملی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میچ اور سیریز جیتنے پر انڈین کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے بھی ٹسٹ میچ میں غیر معمولی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت بھارت کی جانب سے بیرون ملک میں ایک بہترین کامیابی کے طور پر تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔ (AIR NEWS)