رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کےلئے بھارت کی مجموعی گھریلو پیداوار، جی ڈی پی میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے مقابلے سب سے تیزی سے اضافہ درج ہوا ہے۔ کَل جاری کیے گئے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، ملک کی GDP میں پچھلے سال سے 8 اعشاریہ چار فیصد کا اضافہ ہواہے۔ اعدادوشمار کے قومی دفتر NSO کے مطابق دوسری سہ ماہی کے دوران مال کی تیاری کی مقدار میں پانچ اعشاریہ پانچ فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ تعمیرات کے شعبے میں 7 اعشاریہ پانچ فیصد کااضافہ درج کیا گیا۔
NSO کے اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ کووڈ۔19 عالمی وبا کی دوسری لہر کے باوجود مالی سال 2021-22 کی جولائی سے ستمبر تک کی دوسری سہ ماہی میں گھریلو کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔
جس کے سبب آنے والے مہینوں میں صارفین کی مانگ میں تیزی سے بحالی کی امیدوں کو تقویت ملی ہے۔ اس سہ ماہی کے دوران ملک کی معیشت میں تیزی آگئی ہے کیونکہ کورونا وائرس سے متعلقہ رکاوٹوں کے بعد اب معیشت میں مانگ، بتدریج معمول پر آگئی ہے۔ گزشتہ برس کی اِسی مدت کے دوران معیشت سمٹ کر سات اعشاریہ پانچ فیصد پر آگئی تھی۔ (AIRNEWS)