A part of Indiaonline network empowering local businesses
Chaitra Navratri

ترکیہ اور ملک شام میں تباہ کن زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار ہوگئی ہے

News

ترکیہ اور شام میں آئے زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر کم سے کم 15 ہزار ہوگئی ہے۔ایجنسیوں اور امدادی کارکنوں نے خبردار کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ اب بھی کئی لوگ ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔امدادی کارکن دشوار گزار جگہوں پر پہنچنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ زلزلے کے بعد ملبے کے آس پاس کی عمارتوں کے بنیادی ڈھانچے کے کمزور ہونے کے سبب منہدم ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
اس دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے دو زبردست زلزلوں کے تعلق سے یہ کہتے ہوئے اپنی حکومت کی کارروائی کا دفاع کیا ہے کہ تباہ کن زلزلے کے لئے تیار رہنا ناممکن تھا۔ تنقید کاروں کا دعوی ہے کہ ایمرجنسی خدمات سے متعلق کارروائی بہت ہی سست ہے اور حکومت اس کے لئے پوری طرح تیار نہیں تھی۔ جناب اردگان نے اس بات کو قبول کیا ہے کہ حکومت کو کچھ دشواریوں کا سامنا تھا۔البتہ انہوں نے کہا کہ صورتحال اب قابو میں ہے۔
بھارتی فوج نے ترکیہ کے Hatay صوبے میں Iskenderun کے مقام پر ایک فیلڈ اسپتال قائم کیاہے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ مذکورہ فیلڈ اسپتال زلزلے سے متاثرہ افراد کا علاج کرے گا۔انہوں نے کہاکہ انڈین میڈیکل کی ایک ٹیم اور مخصوص نگہداشت کے ماہرین اور آلات کو ایمرجنسی کے حالات کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔ MEA کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا ہے کہ یہ آپریشن تھیٹر، ایکسرے مشینوں، وینٹی لیٹرس وغیرہ طبی آلات سے پوری طرح آراستہ 30 بستروں والا اسپتال ہوگا۔
آپریشن دوست کی تحت بھارت کی چھٹی پرواز زلزلے سے متاثرہ ترکیہ پہنچ گئی ہے۔ایک ٹوئیٹ میں وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ تلاشی اور بچاو کی مزید ٹیمیں ڈاگ اسکواڈ تلاشی اور رسائی کے ضروری آلات،دوائیں اور طبی آلات امدادی کوششوں میں فراہم کئے جانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
زلزلے سے متاثرہ ترکیہ کے لیے NDRF کی تلاشی اور بچاو کی تیسری ٹیم روانہ ہوگئی۔خارجی امور کے وزیرمملکت وی مرلی دھرن نے غازی آباد میں ہنڈن ہوائی اڈے پر ٹیم سے ملاقات کی، جہاں سے یہ ٹیم جاری آپریشن دوست حصے کے طور پر طبی آلات اور امدادی سازوسامان کے ساتھ بھارتی فضائی فورس کے سی 17 گلوب ماسٹر طیارے کے ذریعے روانہ ہوئی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب مرلی دھرن نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے متعلقہ حکام کو ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے کیلئے سبھی ضروری اقدامات لینے کی ہدایات دی تھیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی ترکیہ اور شام میں اپنے ہم منصبوں سے بات چیت بھی کی ہے۔وزیرموصوف نے کہا کہ فی الحال وہاں پر چار ٹیمیں کام پر لگی ہیں، جن میں ڈاگ دستہ اور دو میڈیکل ٹیموں سمیت دو بچاو ٹیمیں ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارت ترکیہ کے لوگوں کی مدد کیلئے تیار ہے۔جناب مرلی دھرن نے کہاکہ بھارت ہمیشہ سے دنیا کے لوگوں کی مدد کیلئے آگے رہا ہے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس نے دنیا بھر کے مختلف ملکوں میں مدد پہنچائی ہے۔
بھارت میں ترکیہ کے سفیر Firat Sunel نے کہا کہ آپریشن دوست، دوستی کی ایک کارروائی ہے کیونکہ ہندی اور ترکیہ دونوں زبانوں میں فرینڈس کا مطلب ہوتا ہے دوست۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن بھارت اور ترکیہ کی دوستی کو ظاہر کرتا ہے۔ (AIR NEWS)

435 Days ago