جموں و کشمیر سرکار نے مرکز کے زیرِ انتظام پورے علاقے میں 31 مارچ تک سبھی سرگرمیاں اور ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اِس عرصے میں صرف 16 ضروری خدمات کام کریںگی۔ جموں و کشمیر کے چیف سکریٹریBVR Subramanayam نے کل شام لاک ڈاون کا حکم جاری کیا ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اِس عرصے کے دوران ضروری اشیاءلے جانے والے سبھی ٹرکوں اور گاڑیوں کو آنے کی اجازت دی جائے ۔
اروناچل پردیش سرکار نے آج شام پانچ بجے سے 31 مارچ کو آدھی رات تک ریاست میں مکمل سیفٹی بندشیں عائد کی ہیں ۔ ملک میں تیزی کے ساتھ کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔
جھارکھنڈ سرکار نے 31 مارچ تک ریاست میں لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے ۔ ریاست میں اگرچہ ابھی تک COVID-19 سے متاثر ہونے کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ، لیکن سبھی پڑوسی ریاستوں میں اِس وائرس سے متاثر ہونے کے معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ایمرجنسی خدمات اور ضروری اشیاءکو لاک ڈاون سے الگ رکھا جائے گا۔
اُدھر میزورم میں ریاستی سرکار نے صحتِ عامہ اور سلامتی کے مفاد میں 29 مارچ تک ریاست میں جزوی لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے ۔
چھتیس گڑھ سرکار نے بھی 31 مارچ تک ریاست کے شہری علاقوں میں لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی خاطر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
اِس عرصے کے دوران سبھی دفاتر ، ادارے ، ٹرانسپورٹ خدمات اور دیگر سرگرمیاں بند رہیں گی ، جبکہ ضروری خدمات کام کرتی رہیں گی ۔
اُدھر تمل ناڈو میں COVID-19 سے متاثر ہونے کے دو نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ (AIR NEWS)