جموں وکشمیر میں، مرکز کے زیرانتظام علاقے کی انتظامیہ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت اور انتظامی اصلاحات وعوامی شکایات کے محکمے کے اشتراک سے آج کٹرا کی شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی میں دو روزہ 25ویں قومی ای گورننس کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ بھارت کے آئین کی منظوری کی یاد میں آج منائے جارہے یوم دستور کے موقع پر اس کانفرنس کا اہتمام کیا جارہاہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں آئین کی تمہید پڑھ کر سنائے جانے میں سبھی شرکاءکی قیادت کریں گے۔
سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ تاہم لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 27 نومبر کو کانفرنس کے اختتامی اجلاس کی صدارت کریں گے اور جموں و کشمیر Vision Document اور جموں و کشمیر سائبر سکیورٹی پالیسی کے آغاز کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔28 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام 8 علاقوں کے تقریباً ایک ہزار 600 مندوبین اور مرکزی وزارتوں اور محکموں کے افسران اس دو روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال بھی 27 نومبر کو اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ جموں و کشمیر کے اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے محکمے اور ہریانہ اطلاعاتی ٹکنالوجی کے شعبے میں معلومات اور نئے خیالات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے اور صلاحیت سازی کیلئے ایک مفاہمتی قرارداد پر بھی دستخط کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ قومی ای گورننس کانفرنس جموں و کشمیر کیلئے ایک یادگاری موقع ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے ڈیجیٹل انڈیا ویژن کو آگے بڑھاتی ہے۔
مرکزی، ریاستی اور ضلعی سطحوں پر 18 ای گورننس پہل کو NAEG Scheme 2022 کے پانچ زمروں میں ای گورننس قومی ایوارڈز دئے جائیں گے اور کانفرنس کے دوران ای گورننس کے شعبے میں بھارت کے حصولیابیوں کے مظاہرے کےلئے ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
(AIR NEWS)