دلّی میں عام آدمی پارٹی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی جانب بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ پارٹی 70 رکنی اسمبلی انتخابات میں57 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ BJP تیرہ حلقوں میں سبقت حاصل کیے ہوئے ہے۔ رجحان کے مطابق عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے اور کانگریس کہیں بھی مقابلے میں نہیں ہے۔ دلّی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نئی دلّی حلقے میں آگے چل رہے ہیں، البتہ اُن کے نائب منیش سسودیہ پٹ پڑ گنج حلقے میں بی جے پی کے امیدوار رویندر سنگھ نیگی سے پیچھے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے دیگر رہنما سوربھ آتشی،راگھو چڈھا اور دلیپ پانڈے بھی اپنے اپنے حلقے میں آگے چل رہے ہیں۔ اِس رجحان کے سامنے آتے ہی کہ پارٹی بآسانی اکثریت کی جانب بڑھ رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ہیڈکوارٹر پر جشن منایا جانے لگا۔ 21 مراکز پر سخت حفاظتی بندوبست کے درمیان ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ووٹوں کی گنتی آج صبح آٹھ بجے شروع ہوئی۔ سب سے پہلے پوسٹل بیلٹ کی گنتی کی گئی، اس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ ہر ای وی ایم میں ایک بیلٹ یونٹ، ایک کنٹرول یونٹ اور ایک وی وی پیٹ ہوتا ہے۔ ہر اسمبلی حلقے سے کنٹرول یونٹوں کے ذریعہ ووٹوں کی گنتی کے بعد پانچ وی وی پیٹس کی کوئی بھی پانچ پرچیاں لے کر اُن کی گنتی کی جائے گی، اس سال ووٹوں کا فیصد 62 اعشاریہ پانچ 9 فیصد رہا ہے، جو 2015 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے پانچ فیصد کم ہے۔ (AIR NEWS)