عید الفطر کا تہوار آج کورونا وائرس وبا کے دوران پورے ملک میں سادگی اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ کووڈ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے عید کی نماز اجتماعی طور پر عیدگاہوں اور بڑی مسجدوں میں ادا نہیں کی گئی۔
دلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری اور فتحپوری مسجد کے شاہی امام مفتی مکرم احمد سمیت بہت سے علمائ، دانشوروں اور مسلم تنظیموں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ عید کی نماز، کووڈ ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی ادا کریں۔
عیدالفطر، رمضان کے پورے مہینے روزے رکھنے کے بعد منائی جاتی ہے۔
کیرالہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں عیدالفطر کل منائی گئی تھی۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ ایک ٹوئیٹ میں جناب کووند نے کہا کہ یہ تہوار ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبے کو مستحکم کرنے اور انسانیت کی خدمت کیلئے خود کو دوبارہ وقف کرنے کا ایک موقع ہے۔
نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی عیدالفطر کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ ایک ٹوئیٹ میں جناب نائیڈو نے کہا کہ عید ہماری زندگی میں ہمدردی، خیرخواہی، سخاوت اور بھائی چارے کے جذبے کی علامت ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ ایک ٹوئیٹ میں جناب مودی نے کہا کہ وہ ہر ایک فرد کی اچھی صحت اور خوشحالی کیلئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ لوگوں کی اجتماعی کوششوں سے ملک عالمی وبا پر یقینی طور پر فتح حاصل کرے گا۔ (AIR NEWS)