صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندرمودی نے مرکزی وزیر اور LJP لیڈر رام ولاس پاسوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جناب کووند آج صبح خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آنجہانی رہنما کی رہائشگاہ گئے۔ وزیراعظم جناب مودی بھی رام ولاس پاسوان کی رہائشگاہ پر جاکر اُن کے کنبے کے ارکان سے ملے۔
مرکزی وزراءراجناتھ سنگھ، روی شنکر پرساد اور ڈاکٹر ہرش وردھن نیز BJP صدر جے پی نڈّا اور دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی آنجہانی رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیانائیڈو، کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور راہل گاندھی اور دیگر رہنماؤں نے بھی رام ولاس پاسوان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اِس سے پہلے LJP لیڈر کا جسد خاکی، قومی راجدھانی میں اُن کی رہائش گاہ لایا گیا تھا۔ دوپہر کو اُن کے جسد خاکی کو، ایل جے پی کے دفتر میں رکھے جانے کےلئے پٹنہ لے جایا جائے گا، جہاں اُن کی آخری رسوم کل ادا کی جائیں گی۔ ایل جے پی رہنما کا کل نئی دلّی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 74 برس کے تھے۔ اُن کی آخری رسوم سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دلّی اور سبھی ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں قومی پرچم، آنجہانی رہنما کے احترام میں سرنگوں رہے گا۔
آخری رسوم کے دن، رسوم کی ادائیگی کی جگہ پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
رام ولاس پاسوان،جو لوک جن شکتی پارٹی کے بانی، صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کے مرکزی وزیر تھے، لوک سبھا کے لیے آٹھ مرتبہ منتخب کیا گیا۔ اُن کا یہ ریکارڈ بھی رہا کہ وہ بہار میں اپنے حلقے حاجی پورسے، کئی سال تک سب سے زیادہ تعداد میں ووٹ حاصل کرکے کامیابی ہوئے۔x (AIR NEWS)