A part of Indiaonline network empowering local businesses
Chaitra Navratri

وزیر اعظم اور امریکی صدر نے بھارت-امریکہ جامع عالمی کلیدی ساجھیداری کو مستحکم کرنے کا عہد کیا

News

وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت-امریکہ جامع عالمی کلیدی ساجھیداری کو مستحکم کرنے کا عہد کیا ہے، جو باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور خیر سگالی پر مبنی ہے۔ کل شام جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی اور سیکیورٹی اشتراک، خاص طور پر اور زیادہ بحری اور خلائی شعبے میں معلومات اور جانکاری ایک دوسرے کو فراہم کرکے تعاون کو فروغ دینے کا عہد کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے MH-60R بحری اور AH-64E اپاچے ہیلی کاپٹر خریدنے کے بھارت کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کیاہے۔ جہاں ایک طرف بھارت نئی دفاعی صلاحتیں حاصل کرنے کیلئے کام کر رہا ہے، وہیں صدر ٹرمپ نے ایک بڑے دفاعی ساجھیدار کی حیثیت سے بھارت کے رُتبے کا اعادہ کیا اور اسے دفاعی سامان کی خرید اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مقاصد کے لئے اعلیٰ ترین درجہ دیا۔
دونوں رہنماؤں نے بنیادی تبادلے اور تعاون کے سمجھوتے سمیت دفاعی اشتراک کے معاہدے جلد طے پانے کی خواہش ظاہرکی۔ دونوں لیڈروں نے بھارت -امریکہ تعلقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے پہلو کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے موجودہ مذاکرات جلد مکمل کرنے سے اتفاق کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ منفرد نوعیت کا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ بھارت کا تقریباً 36 گھنٹے کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کل رات روانہ ہو گئے۔ بھارت آنے کےلئے جناب ٹرمپ کا شکریہ اداکرتے ہوئے وزیراعظم نے مختلف ٹوئیٹ پیغامات میں کہا کہ جہاں تک باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کا تعلق ہے، انہوں نے اور صدر ٹرمپ نے کافی وسیع تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے کل رات صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں ایک سرکاری ضیافت کا اہتمام کیا جو ڈونلڈ ٹرمپ کے دو دن کے دورے کی آخری مصروفیت تھی۔معزز مہمان کا استقبال کرنے کیلئے راشٹرپتی بھون کے احاطے کو پوری شان و شوکت کے ساتھ سجایا گیا تھا۔
اس ضیافت میں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی،ان کی کابینہ کے کئی ساتھیوں، آسام، ہریانہ، کرناٹک اور تلنگانہ کے وزراءاعلیٰ نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنی تقریر میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ بھارت نے امریکہ کے ساتھ کلیدی ساجھیداری کو مزید مستحکم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ بھارت میں ان کی بہت عزت افزائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو دن میں کافی کچھ مفید کام ہوا ہے۔ جناب ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور بھارت بڑے تجارتی اور فوجی سمجھوتوں پر کام کر رہے ہیں۔ (AIR NEWS)

1514 Days ago