وزیر اعظم نریندر مودی اِس سال کے آخر تک کانپور میٹرو کا آغاز کریں گے۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آئی آئی ٹی اور موتی جھیل کے درمیان 9 کلو میٹر ترجیحی ٹریک پر کانپور میٹرو کے آزمائشی رن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
آزمائشی رن کے دوران انہوں نے میٹرو کوچوں میں دستیاب سہولتوں اور ساتھ ہی ساتھ پلیٹ فارمس کے لئے بندوبست کا بھی معائنہ کیا۔ اِس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانپور کے باشندوں کو اگلے 6 سے 8 ہفتوں میں ٹرانسپورٹ کی بہتر خدمات حاصل ہوجائے گی۔
مجوزہ کانپور میٹرو کے تحت تقریباً ساڑھے 32 کلو میٹر طویل دو میٹرو کوریڈورس آتے ہیں۔پہلے مرحلے میں 9 کلو میٹر والے کوریڈور کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا گیا ہے جس پر میٹرو دوڑے گی۔ جس کے لئے اب تک9 میٹرو اسٹیشن تعمیر کئے جاچکے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں موتی جھیل اور ٹرانسپورٹ نگر کے درمیان میٹرو کا کام کیا جائے گا جس کے لئے زیر زمین اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔
کانپور میٹرو ریل پروجیکٹ کی تعمیر کا کام 15 نومبر 2019 کو یوگی آدتیہ ناتھ کی سرکار نے شروع کیا تھا جس کے پہلے مرحلے کو کووڈ وبا کے دوران کام میں رخنہ پڑنے کے باوجود دو سال سے کم کی مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے۔ (AIRNEWS)