وزیراعظم نریندر مودی آج اتراکھنڈ میں دہرادون کا دورہ کریں گے۔ وہ دوپہر ایک بجے تقریباً 18 ہزار کروڑ روپے مالیت کے کثیر مقصدی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے کہاکہ جناب مودی گیارہ ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اِس میں دلّی-دہرادون اقتصادی راہداری بھی شامل ہے جو تقریباً 83 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔ فی الحال دلّی سے دہرادون پہنچنے میں 6 گھنٹے کا وقت لگتا ہے جبکہ اِس راہداری سے یہ وقت کم ہوکر محض تقریباً دو گھنٹہ 50 منٹ رہ جائے گا۔
زمین سے اوپر کی سطح پر تعمیر کی جانے والی یہ راہداری 12 کلو میٹر طویل ہوگی جس پر جنگلی جانور آزادانہ طور پر نقل وحرکت کرسکیں گے۔ دلّی-دہرادون اقتصادی راہداری پر ہر پانچ سو میٹر کے بعد، بارش کے پانی کو زمین میں واپس پہنچانے کا انتظام بھی ہوگا۔ یہ انتظام چار سو جگہوں پر ہوگا۔
دلّی-دہرادون اقتصادی راہداری، دو ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔ اِس سے دلّی سے دہرادون پہنچنے کے وقت میں خاطر خواہ کمی آجائے گی۔
دہرادون سے ہماچل پردیش کے Paonta Sahib تک سڑک پروجیکٹ، تقریباً سترہ سو کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا جس سے اِن دونوں جگہوں کے درمیان سفر کے وقت میں کمی آجائے گی اور بلا رکاوٹ کنکٹی ویٹی قائم ہوجائے گی۔ اِس سے بین ریاستی سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
لکشمن جھولا کے قریب دریائے گنگا پر ایک پُل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ دنیا بھر میں مشہور لکشمن جھولا 1929 میں تعمیر کیا گیا تھا لیکن اب یہ اپنی کم صلاحیت کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔ اِس نئے پُل پر ہلکی گاڑیاں بھی چل سکیں گی۔
وزیراعظم دہرادون میں بچوں کیلئے سازگار سٹی پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اِس کے تحت بچوں کیلئے سڑکوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔ دہرادون میں پانی کی سپلائی، سڑک اور گندے پانی کی نکاسی سے متعلق پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ اِس پروجیکٹ پر سات سو کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت آئے گی۔
اسمارٹ روحانی قصبوں کی تعمیر، اور سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو جدید طرز پر ڈھالنے کے وزیراعظم کے خیال کے مطابق بنیادی ڈھانچے کے ترقی کے کاموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
یہ کام شری بدری ناتھ دھام اور گنگوتری یمنوتری دھام پر کیے جائیں گے۔ ہری دوار میں پانچ سو کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے ایک نیا میڈیکل کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔
جناب مودی 7 دیگر پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کریں گے جس میں خطے میں مٹی کے تودے گرنے کی دیرینہ پریشانی کو حل کرکے سفر کو آسان بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
دیوپریاگ سے سری کوٹ تک اور برہمپوری سے قومی شاہراہ 58 پر کوڈیالا تک، چندر دھام سڑک رابطے کے پروجیکٹ کے تحت، سڑک کو چوڑا کرنے کے پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا جارہا ہے۔
سترہ سو کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے، دریائے جمنا پر تعمیر کیے گئے 120 میگاواٹ والے ویاسی پن بجلی پروجیکٹ اور دہرادون میں ہمالیائی ثقافتی مرکز کا بھی افتتاح ہوگا۔
وزیراعظم، دہرادون میں جدید ترین انداز کی، خوشبوئیں بنانے والی ایک لیباریٹری کا بھی افتتاح کریں گے۔ (AIRNEWS)