وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ زیر تعمیر سبھی نئے ایمس میں مریضوں کے کنبوں کیلئے Night Shelters کا انتظام ہو۔ ایمس نئی دلی کے نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ جھجھر کیمپس میں انفوسس فاؤنڈیشن وِشرام سدن کا افتتاح کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ رہائش کا مسئلہ ان لوگوں کے لئے بڑے مسائل میں سے ایک ہے جو کینسر کا علاج کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمس کے جھجھر کیمپس میں انفوسس فاؤنڈیشن وشرام سدن کی تعمیر سے یہ مسئلہ حل ہوگا۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ سے کینسر میں مبتلا ہزاروں افراد کو مختلف طرح کے علاج اور طبی امداد میں مدد ملے گی۔
جناب مودی نے کہا کہ دلی، این سی آر، اتراکھنڈ اور ہریانہ میں رہنے والے مریض اِس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ حکومت اور کارپوریٹ ورلڈ کے درمیان ایک سودمند اشتراک سے اِس انسٹی ٹیوٹ کا قیام ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے لوگوں کو خاص طور سے کووڈ19- کے اس مشکل دور میں عالمی درجے کے طبی بنیادی ڈھانچے کی سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ (AIR NEWS)