پارلیمنٹ نے نشیلے مواد اور اعصاب کو متاثر کرنے والے اجزاء سے متعلق ترمیمی بل 2021 کو پاس کردیا ہے۔ راجیہ سبھا نے آج اِس کی منظوری دی تھی۔ یہ قانون نشیلے مواد اور اعصاب کو متاثر کرنے والے اجزاء سے متعلق ترمیمی آرڈیننس 2021 کی جگہ لے گا۔ یہ بل 1985 کے نشیلے مواد اور اعصاب کو معطل کرنے والے اجزاء سے متعلق ایکٹ میں ترمیم کرتا ہے۔ اِس قانون کے تحت نشیلے مواد اور اعصاب کو متاثر کرنے والے اجزاء کی مینوفیکچرنگ، ٹرانسپورٹ اور استعمال جیسی مخصوص کارروائیوں کو منضبط کیا جائے گا۔
راجیہ سبھا میں بل پر ایک بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے کہاکہ اِس سلسلے میں فوری طور پر لائے گئے آرڈیننس کا مقصد اِس قانون میں ترمیم کرکے غلطی کو ٹھیک کرنا تھا۔
اُنھوں نے کہاکہ چونکہ اُس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں ہورہا تھا، اس لئے آرڈیننس لایا گیا تھا۔ اپوزیشن کے ممبروں کے اِس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہ سرکار نے بل لانے میں تاخیر کیوں کی، اُنھوں نے کہاکہ بل میں غلطی UPA سرکار کے دوران کی گئی تھی اور اِس سرکار نے اُس غلطی کو ٹھیک کرنے کیلئے یہ بل لایا۔ یہ غلطی ایک مئی 2014 سے اِس سال ستمبر تک جاری رہی۔ محترمہ سیتارمن نے کہاکہ یہ بل صرف غلطی کی سدھار کیلئے لایا گیا ہے۔ (AIRNEWS)