وندے بھارت مشن کے تحت سنگاپور سے بھارتی شہریوں کو لانے والی ایئر انڈیا کی پہلی پرواز دہلی پہنچ گئی ہے۔
ایک ٹوئٹ میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے اُن کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعاون اور مدد کیلئے ایئرانڈیا، شہری ہوابازی کی وزارت، امیگریشن بیورو اور دِلی سرکار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہائی کمشنر جاوید اشرف کی قیادت میں بھارتی سفارتخانے کی ٹیم کی مثالی کوششوں کی بھی ستائش کی۔
دبئی سے آج ساڑھے تین سو سے زیادہ بھارتی افراد ہوائی جہاز کے ذریعے وطن واپس آئیں گے۔ بیرونِ ملک مشکل میں گھرے ہوئے بھارتی شہریوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی پروازوں کا آج دوسرا دن ہے۔ ریاض سے 155، جبکہ بحرین سے 150 سے زیادہ بھارتی شہریوں کو واپس لایا جائے گا۔ اِس کام میں پریشانی میں گھرے ہوئے کارکنوں، بزرگ افراد، فوری طبی امداد کی ضرورت کے کیسوں اور حاملہ خواتین کو ترجیح دی جارہی ہے۔
دبئی، سعودی عرب اور بحرین میں بھارتی مشن صحت سے متعلق سخت ضابطوں پر عمل کررہے ہیں۔ اِس کے بعد ہی مسافروں کو ہوائی جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ صرف اُن افراد کو ہی وطن واپس آنے دیا جائے گا، جن میں کوئی علامات نہیں ہیں۔
ابوظبی سے 181 بھارتی افراد کو لے کر ایئر انڈیا ایکسپریس کی پہلی پرواز کل رات کوچی بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر اُتری۔ مسافروں میں 49 حاملہ خواتین اور چار بچے شامل تھے۔
182 مسافروں کو لے کر دبئی سے دوسری پرواز کوزی کوڈ بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر اُتری۔ (AIR NEWS)