مرکز نے ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ عام آدمی کو پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے راحت فراہم کرنے کی خاطر پیاز کا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں‘ اور درآمد شدہ پیاز کو مناسب قیمت پر تقسیم کریں۔ کابینہ سکریٹری راجیو گوبا نے ملک میں پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے معاملے پر کل سکریٹریوں کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ قیمتوں کو مستحکم کرنے کیلئے پیاز کی مجموعی دستیابی میں اضافہ کریں۔ کابینہ سکریٹری نے ریاستوں سے یہ بھی کہا کہ وہ پیاز کی خریداری اور مناسب قیمت پر اس کی تقسیم کاری کیلئے خوراک اور سِول سپلائی کے محکموں سے کام لیں۔ مرکز پہلے ہی پیاز کی برآمدات پر پابندی عائد کرچکا ہے اور اس نے تاجروں پر ذخیرہ رکھنے کی ایک حد مقرر کرنے کے علاوہ ایک لاکھ 20 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت پورے ملک میں 109. مارکیٹ مرکزوں سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار کی بنیاد پر 22 ضروری اشیاءکی قیمتوں کی نگرانی کرتی ہے۔ (AIR NEWS)