چین میں صدر شی جن پنگ کی سخت کووڈ پالیسی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کئے جارہے ہیں۔ راجدھانی بیجنگ اور اقتصادی مرکز شنگھائی سمیت بہت سے بڑے شہروں میں مسلسل لاک ڈاؤن ہے۔ مظاہرین کل راجدھانی بیجنگ میں جمع ہوئے اور شنگھائی میں دوسری رات بھی مسلسل احتجاج جاری ہے۔ اس دوران کووڈ سے متعلق بندشوں میں ڈھیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
کووڈ بندشوں کے خلاف غیر معمولی یکجہتی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے اور سیکڑوں مظاہرین کل دیر رات راجدھانی بیجنگ کے مرکز میں جمع ہوئے، جہاں تمام سفارتخانے ہیں۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سادہ کاغذ لے کر احتجاج میں حصہ لیا، جس کا مقصد ناراضگی ظاہر کرنا تھا۔ نعرہ لگاتے ہوئے مظاہرین نے شنگھائی میں گرفتار کئے گئے لوگوں کو رِہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کل رات شنگھائی میں پولیس کے ساتھ پھر سے تصادم ہوا اور احتجاج بہت سے شہروں اور یونیورسٹیوں میں پھیل گیا۔ صدر شی جن پنگ کے ایک دہائی قبل اقتدار سنبھالنے کے بعد سے چین کی اصل سرزمین پر سول نافرمانی کی یہ لہر غیر معمولی ہے۔ (AIR NEWS)